خبرنامہ سندھ

نثار کھوڑو کا صوبے میں پانی و بجلی اور گیس کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صد ر وصوبائی وزیر نثار کھوڑو نے صوبے میں پانی و بجلی اور گیس کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کو مضبوط بنانے کی کوشش کی تاہم وفاق کی طرف سے سندھ کے ساتھ نارواسلوک کیا جارہا ہے۔وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے،سندھ نے ہمیشہ وفاق کو مضبوط بنانے کی کوشش کی،پیپلزپارٹی نے قانون کی حکمرانی و آئین کی بالادستی کو یقینی بنائے رکھا ،وفاقی حکومت سندھ کی عوام کے بنیادی مسائل حل کرے،پانی و بجلی،گیس عوام کے بنیادی مسائل ہیں،ان کو حل کرنے کیلئے وفاق صوبائی حکومت سے تعاون کرے۔نثار کھوڑو نے کہا کہ پہلے وفاق نے سندھ کا پانی بند کیا اور اب گیس کے معاملے پر یہی رویہ اختیار کیا ہوا ہے،یہ نامناسب ہے سندھ کی عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں،ورنہ وفاق اور سندھ کے درمیان نفرتیں بڑھیں گی،وفاقی حکومت نے 2013کے انتخابات کے موقع پر عوام سے جو وعدے کئے وہ پورے نہیں کئے۔