خبرنامہ سندھ

آئل ٹینک میں لگی آگ شدت اختیار کر گئی، 2 مزدور جاں بحق

کراچی: (ملت+اے پی پی) کراچی کے علاقے کیماڑی کے آئل ٹرمینل کے ٹینک میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جو شدت اختیار کر گئی۔ فائربریگیڈ حکام کے مطابق کے پی ٹی فائربریگیڈ حکام نے اطلاع دی کہ کیماڑی کے آئل ٹرمینل میں بنے آئل ٹینک میں دھماکہ سے آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے ٹینک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ابتدائی طور پر کے پی ٹی کی گاڑیوں نے آگ بھجانے کی کوشش کی اور ناکامی پر کے ایم سی کی فائربریگیڈ کو بھی طلب کر لیا گیا اور کے پی ٹی اور کے ایم سی کی دس گاڑیاں تین گھنٹوں سے آگ بھجانے کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن تاحال آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ ذرائع کے مطابق آئل ٹینکر میں لگی آگ شدت اختیار کر گئی ہے۔ آگ لگنے کی وجہ سے وہاں موجود 2 مزدور جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر برنس وارڈ سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ فائربریگیڈ کی 8 گاڑیاں آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے آگ بھجانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فائربریگیڈ کی مزید گاڑیاں منگوائی گئی ہیں۔ آگ پر قابو پانے میں ابھی وقت لگے گا۔ ایس پی کیماڑی عارف عزیز کے مطابق 2 مزدور تاحال پتہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئل ٹرمینل کو جانے والا راستہ بند کر دیا گیا ہے۔