خبرنامہ سندھ

ایان علی ایک معصوم بچی ہےکوئی دہشتگرد نہیں: کھوسہ

کراچی: (اے پی پی) سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ ایان علی ایک معصوم بچی ہے کوئی دہشتگرد نہیں ہے ، چودھری نثار کو نہ تو بیرسٹر اویس شاہ کی فکر ہے نہ امجد صابری کے قاتلوں کی گرفتاری کی ، وہ صرف ایان علی کے پیچھے پڑ گئے ہیں ۔ کراچی میں سندھ ہائی کورٹ میں سپر ماڈل ایان علی کی ای سی ایل سے نام نکالنے اور بیرون ملک جانے کی اجازت کی درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی ،درخواست کی سماعت ملتوی ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ایان علی کو وزیر داخلہ چودھری نثار نے ملک سے باہر جانے سے روک رکھا ہے ۔ ایان علی ایک معصوم بچی ہے کوئی دہشتگرد نہیں ہے ۔ لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ نے ایان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے کہا اور وفاقی وزیر داخلہ نے نام ای سی ایل میں شامل کر لیا ۔ چودھری نثار نہیں چاہتے کہ ایان علی بیرون ملک جائے ۔ چودھری نثار کو نہ تو اویس شاہ کی فکر ہے نہ امجد صابری کے قاتلوں کو پکڑنے کی ، وہ صرف ایان علی کے پیچھے پڑ گئے ہیں ۔ لطیف کھوسہ کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف استعفیٰ دیں کیونکہ ہمیں لاغر ، کمزور اور بیمار وزیر اعظم کی ضرورت نہیں ہے ۔ نواز شریف نے اپنے خلاف کئی کیسز تکنیکی بنیادوں پر دبا دیئے ہیں ، نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ میں میگا کرپشن کیس ہے لیکن وہ نہیں چل رہا ۔ انکا کہنا تھا کہ آف شور کمپنیوں کے بہانے شریف فیملی کو کالا دھن صاف نہیں کرنے دیں گے ۔