خبرنامہ سندھ

جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں بیلا روس کا تعاون موثر ثابت ہوگا

کراچی (ملت + آئی این پی) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ جدید دو ر میں معاشی شرح و اہداف کے حصول اور زرعی واقتصادی شعبہ کی ترقی میں جدید ٹیکنالوجی انتہائی اہم و معان ثابت ہوسکتی ہے ، صوبہ میں تیز ترین ترقی کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں بیلا روس کا تعاون موئثر ثابت ہوگا ،بیلا روس کی جدید ٹیکنالوجی باالخصوص ٹریکٹرز اور ہیوی ٹرک اپنی مضبوطی اور کا رکردگی میں منفرد ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں پاک بیلا روس مشترکہ وزارتی کمشن کے 10 رکنی وفد جس کی سربراہی بیلا روس کے وفاقی وزیر برائے انڈسٹریز Vitaly Vovk کررہے تھے ،سے ملاقات میں کیا ۔ وفد میں ایشیاء اور آسٹریلیا کے لئے بیلا روس کی وزارت خارجہ کے سربراہViktor Ryback ، سفیر خصوصی Anderi Ermolvich ، کلچر کے ڈپٹی وزیر Vasilij ، Bellegrom کے ڈپٹی چیئر مین Aleksandr Yakovchitz اورPyramid Logistics پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو یعقوب شیخ شامل تھے جبکہ حکومت کی طرف سے ایڈیشنل سیکریٹری برائے اکنامکس افیئرز ڈویژن اسلام آباد مسز حمیرا احمد ، جوائنٹ سیکریٹری برائے اکنامکس افیئر ز ڈویژن اسلام آباد عصمت نواز اور وزارت انڈسٹریز کے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر طارق چوہدری بھی موجود تھے،گورنر سندھ نے کہا کہ پاک بیلا روس دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہورہے ہیں دونوں ممالک فطری اتحاد ی ہیں، جبکہ دونوں ممالک کا اتفاق ہے کہ آئندہ تین برسوں میں اس تجارتی حجم کوایک بلین ڈالرز تک بڑھائیں گے جو کہ دو طرفہ مفاد کے لئے مفید ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اشیاء با الخصوص گوشت ، ڈیری پروڈکٹس ، بے بی فوڈز ، ملک پاؤڈر کی فراہمی اور زراعت اور کان کنی کے شعبہ میں بیلا روس کی جدید ٹیکنالوجی معاون و مفید ثابت ہو رہی ہے ، صوبہ میں بیلا روس کی جدید ٹیکنالوجی معاشی مثبت اشاریئے کے لئے اہم ہے با الخصوص کراچی میں سرمایہ کاری سے دوطرفہ تجارتی حجم بڑھنے اور فوری منافع کا حصول یقینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ایک زرعی صوبہ ہے جہاں جدید ٹیکنالوجی سے اس کے ثمرات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ، امن و امان کے قیام کے بعد صوبہ میں معاشی اہداف کے حصول کے لئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے حکومت کوشاں ہے اس ضمن میں بیلا روس کے سرمایہ کارصوبہ میں سرمایہ کریں ، قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے وسیع مواقع دستیاب ہیں جہاں فوری اور توقعات سے بڑھ کر منافع یقینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان ان چند ممالک میں بھی سرفہرست ہے جس نے 1991 ء میں آزاد ہونے والے بیلا روس کو تسلیم کیا دوطرفہ تعلقات وقت کی اہم ضرورت اور خطہ میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے بھی بہت ضروری ہیں معاشی واقتصادی طور پر مستحکم پاکستان کے لئے بیلا روس کی معاونت اہم ثابت ہوگی ۔ اس موقع پر وفد کے سربراہ بیلا روس کے وفاقی وزیر برائے انڈسٹریز Vitaly Vovk نے گورنر سندھ کو بتایا کہ پاک بیلا روس تعلقات میں دوطرفہ وفود کے تبادلے اہم ثابت ہورہے ہیں ،ملک کی آزادی کو پہلے تسلیم کرنے پر بیلا روس کے عوام پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 2014 ء میں پاکستان سے 15.23 ملین ڈالرز کی برآمدات ہوئی جس میں 36 فیصد چاول ، 10 فیصد کاٹن ،10 فیصد پالیمرز،4 فیصد سٹرس فروٹس شامل تھے اسی طرح بیلاروس سے 42.65 ملین ڈالرز کی درآمدات ہوئی جس میں 63 فیصد ٹریکٹر اور13 فیصد مصنوعی دھاگہ شامل ہے ،بیلا روس پاکستان کی کسٹم ، سول ، اقتصادی معاملات میں قانونی مدد بھی کررہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ سندھ با الخصوص کراچی میں امن و امان کی صورتحال سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل ہے بیلا روس کے سرمایہ کار بھی صوبہ میں زراعت ، توانائی ، انفرااسٹرکچر ڈیویلپمنٹ اور ٹیکسٹائل میں سرمایہ کاری کرنے میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں، جبکہ مشترکہ منصوبے بھی زیر غور ہیں ۔