کراچی (ملت + آئی این پی) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کیلئے ’’عافیہ رہائی قافلہ غیرت‘‘ پیدل مارچ کے شرکاء لاچی کے مضافات سے سفر کرتے ہوئے انڈس ہائی وے کوہاٹ چوک کے راستے شہرمیں داخل ہوگئے۔ بارش کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد نے قافلہ کے شرکاء کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور ڈاکٹر عافیہ کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قوم کی بیٹی کو وطن واپس لائیں۔پیدل مارچ قافلہ کے امیر انعام اللہ مروت اور نائب امیر انور خان نے عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پیدل مارچ کے شرکاء سے اظہار یکجہتی اور نصرت کیلئے لکی مروت کے ناظم اشفاق احمد خان مینا خیل دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پہنچے۔پیدل مارچ کے شرکاء رات شہر میں قیام کے بعد آج صبح کوہاٹ پریس کلب جائیں گے۔ بعدازاں قافلہ پشاور کیلئے روانہ ہوجائے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انعام اللہ مروت نے کہا کہ ہم اپنا گھربار اور روزی روزگار چھوڑ کر پختونوں کی قدیم روایت مطابق اس لئے نکلے ہیں کہ پاکستانی قوم نہیں چاہتی مسقتبل کا مورخ ہمیں بیٹی فروش قوم کے طور پر یاد کرے اور ہماری آنے والی نسلیں ہمارے حکمرانوں کے سیاہ کرتوتوں پر شرمندہ ہو اور ہم پر لعن طعن کرے کہ بائیس کروڑ کی تعداد کی ایک قوم ایسی بھی گذری ہے جو اپنی ایک بیٹی کو کفار کی قید سے چھڑا نہ سکی, انہوں نے اشفاق احمد خان مینا خیل کی نصرت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قوم کا جذبہ انشاء4 اللہ ہماری بہن عافیہ کی جلد وطن واپسی کا باعث بنے گا۔
خبرنامہ سندھ
عافیہ رہائی قافلہ غیرت‘‘ پیدل مارچ کوہاٹ پہنچ گیا، قیام شب کے بعد پشاور روانہ ہوں گے
