خبرنامہ سندھ

مرتضیٰ وہاب کی تقرری غیر قانونی قرار

کراچی (ملت+اے پی پی) سندھ ہائی کورٹ نے مشیر قانون مرتضیٰ وہاب کی تقرری غیر قانونی قرار دے دی ۔ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ میں وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی کی تقرری کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی ۔ عدالت نے طرفین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد مشیر قانون مرتضیٰ وہاب کی تقرری غیر قانونی قرار دے دی ۔ درخواست گذار فرید دایو نے موقف اختیار کیا تھا کہ آئین میں مشیر کو محکمہ نہیں دیا جا سکتا ۔ مرتضیٰ وہاب صدیقی کا ایک سیاسی جماعت سے تعلق ہے جبکہ ان کے پاس نہ تو کوئی قانونی اورنہ ہی ٹیچنگ کا کوئی تجربہ موجود ہے ، اس کے علاوہ وہ عدالت عظمیٰ سے انرولڈ بھی نہیں ، مرتضیٰ وہاب صدیقی کی تقرری غیر قانونی ہے اور ان کی تقرری پر کراچی کے لاء کالجوں کے چیئرمین بورڈ آف گورننس کو بھی اعتراضات تھے ، لہذا استدعا ہے کہ مرتضیٰ وہاب صدیقی کی تقرری کو غیر قانونی قرار دیا جائے ۔