خبرنامہ سندھ

کراچی: قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی‘ ایک ملزم ہلاک

کراچی (ملت + آئی این پی) شہرقائد کے علاقے ماڑی پور میں مبینہ پولیس مقابلے میں لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والا ملزم ہلاک جبکہ مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران درجنوں افراد کو گرفتار کرلیاگیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ماڑی پور روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے میں لیاری گینگ وار کاملزم مارا گیا۔پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزم سے اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوا۔پولیس حکام کا کہناہے کہ پولیس مقابلے میں مارے جانے والے ملزم اصغر کا تعلق منشیات فروش اشوک گروپ سے ہے۔دوسری جانب کراچی کے علاقے خیر آباد میں پولیس نے کومبنگ آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اورخارجی راستے سیل کر کے گھرگھر تلاشی لی۔اس دوران پولیس نے 12سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ادھرحسن اسکوائر کے قریب ایک اپارٹمنٹ میں رینجرز نے مشتبہ افراد کی موجودگی پر سرچ آپریشن کے دوران رہائشی عمارت سے 7افراد کو حراست میں لے لیا۔واضح رہے کہ شاہ فیصل کالونی میں رینجرز نے دو مقامات پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کیں اورسیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو حراست میں لے لیا۔