خبرنامہ سندھ

کمشنر کراچی نے انسداد پولیو کیلئے خدمات کو سراہا

کراچی (ملت + اے پی پی) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی پولیو سے متاثرہ نوجوان سے ملاقات، انسداد پولیو کے لئے نوجوان کی طرف سے دی گئی خدمات کو سراہا۔ ترجمان کمشنر آفس کے مطابق کمشنر کراچی نے منگل کے روز پولیو سے متاثرہ دونوں ٹانگوں سے معذور نوجوان ابرار خان سے اپنے دفتر میں ملاقات کی۔ کمشنر نے کہا کہ ابرار خان نے ہائی رسک ایریا میں انسداد پولیو مہم کے لئے گرانقدر خدمات دی ہیں جو لائق تحسین اور دیگر متاثرہ نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ابرار خان کو اسپیشل موٹر سائیکل دینے اور اس کی تعلیم کے مطابق ملازمت کے سلسلے میں وزیر اعلی سندھ سے سفارش کرنے کا وعدہ بھی کیا۔ پولیو سے متاثرہ 27 سالہ نوجوان ابرار خان نے کمشنر کراچی کو بتایا کہ 3 سال کی عمر میں وہ پولیو کا شکار ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں اس کی دونوں ٹانگیں بیکار ہوگئیں اس کی وجہ پولیو کے قطرے نہ پلوانا تھا جب بیماری ظاہر ہونے لگی تو والدین پولیو کی حفاظتی خوراک پلوانے کیلئے قریبی صحت کے مرکز لے گئے جنہیں بتایا گیا کہ آپ نے بچے کو پانچ سال کی عمر تک پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی خوارک نہیں پلوائی اب بہت دیر ہو چکی ہے۔