خبرنامہ سندھ

ادھار کی واپسی کا تقاضا کرنے پر چچا زادبھائی نے ایک آنکھ نکال دی

بونیر؍پشاور (آئی این پی) بونیر میں ادھار دی گئی رقم کی واپسی کا تقاضا کرنے پر بااثر چچا زادبھائی نے ساتھی سمیت ملائیشیا پلٹ شہری کی ایک آنکھ نکال دی دوسری کو شدید زخمی کر دیا،اختر نامی شخص کو شدید زخمی حالت میں پشاور منتقل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق بونیر کا رہائشی اختر نامی شخص 4 بچوں کا باپ اور ملائیشیا میں محنت مزدوری کرتا ہے، کچھ روز پہلے پاکستان آیاجہاں اس کے چچازاد نے اس سے کچھ رقم ادھار لی اور کہاں کہ بعد میں واپس کر دوں گا۔ مقررہ وقت گزرنے کے بعد اختر نے گزشتہ روز رقم کی واپسی کا تقاضا کیا تو ملزم طیش میں آگیا اور اپنے ایک ساتھی کے ساتھ مل کر اختر کی ایک آنکھ نکال دی جبکہ دوسری کو شدید زخمی کر دیا، جسے فوری طور پر پشاور کے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملائیشیا پلٹ زخمی شہری اخترنے کہا کہ ملزم کا باپ اینٹی کرپشن میں ہے جس کی وجہ سے پولیس مقدمہ درج کرنے سے انکار کررہی ہے۔ اختر نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے او رسرکاری خرچ پر علاج کیلئے بیرون ملک بھیجا جائے تا کہ وہاں اچھے طریقے سے علاج معالجہ ہو سکے۔(اح)