خبرنامہ سندھ

اشتعال انگیز تقریر، ایم کیو ایم قائد سمیت دیگر رہنما اشتہاری قرار

کراچی:(اے پی پی)انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر کیس میں ایم کیو ایم کے قائد ، ڈاکٹر فاروق ستار ، رشید گوڈیل ، نسرین جلیل ، خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر رہنمائوں کو اشتہاری قرار دے دیا ۔ وسیم اختر ، روئف صدیقی اور قمر منصور کی عبوری ضمانت میں 16 اپریل تک توسیع کر دی ۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں ایم کیو ایم کے قائد کی اشتعال انگیز تقریر کے لئے سہولت کاری کے مقدمے کی سماعت ہوئی ۔ عدالت نے 23 مقدمات میں وسیم اختر ، روئف صدیقی اور قمر منصور کی عبوری ضمانت میں16 اپریل تک توسیع کر دی ہے ۔ ایم کیو ایم کے رہنمائوں کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں ایم کیو ایم کے قائد کی تقریر میں سہولت فراہم کرنے کے الزام میں مقدمات درج ہیں ۔ عدالت نے اشتعال انگیز تقریر کیس میں مسلسل عدم حاضری پر ایم کیو ایم کے قائد ، ڈاکٹر فاروق ستار ، رشید گوڈیل، نسرین جلیل ، خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر رہنمائوں کو اشتہاری قرار دے دیا۔