خبرنامہ سندھ

ایم کیوایم کےسیکٹراوریونٹ کےدفاترمسمارکرنےکا سلسلہ جاری

کراچی:(اے پی پی) ایم کیوایم قائد کی اشتعال انگیزی سے ایم کیو ایم کی مشکلات بڑھ گئیں ہیں، کراچی میں پارکس اور سرکاری پلاٹس پر قائم ایم کیوایم کے متعدد دفاتر مہندم اور سیل کردئیے گئے جبکہ کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں ایم کیو ایم قائد کی تصویریں اتاردی گئیں ہیں۔ بائیس اگست کو پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور ہنگامہ آرائی کے بعد پارکس اور سرکاری پلاٹس پر قائم ایم کیوایم کے غیر قانونی دفاتر کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی آگئی، کراچی میں ایک سو چھیانوے دفاتر سیل اور متعدد مسمار کردیئے گئے ہیں۔ کراچی میں غیر قانونی قائم ایم کیو ایم کے سیکٹراور یونٹ کے دفاتر مسمار کرنے کا سلسلہ جاری ہے، گلستان جوہر، گلشن اقبال ، قائد آباد، لانڈھی، گلشن معمار، شاہ فیصل کالونی ،طارق روڈ سمیت کئی علاقوں میں دفتر گرا دئیے گئے یا سیل کر دئیے گئے، رات گئے پاکستان چوک پر واقع ایم کیوایم کایونٹ آفس سیل کردیاگیا اور موسمیات، بھینس کالونی میں یونٹ آفس پر بلڈوزر چلا دیئے گئے۔ سرکاری دفاتر میں لگائی گئی ایم کیو ایم قائد کی تصاویر اور وال چاکنگ کو بھی ہٹایا اور مٹایا جارہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پارکس ، کھیل کے میدانوں اور سرکاری پلاٹس پر قائم غیر قانونی دفاتر بلڈوز کریں گے۔