خبرنامہ سندھ

تمام ترقیاتی کام قانون کےمطابق ہونےچاہئیں: مرادعلی شاہ

کراچی: (آئی این پی) سندھ کے نئے سائیں سید مراد علی شاہ اپنے منصب پر فائز ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچے تو انہیں بگل بجا کر خوش آمدید کہا گیا ۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ وزیراعلیٰ ہاوس کی مرکزی عمارت میں داخلے پر عملے نے خوش آمدید کہا۔ رسمی سلام ودعا کے بعد مراد علی شاہ سرکاری فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہو گئے۔ چیئرمین سینٹ رضا ربانی مراد علی شاہ کو مبارکباد دینے وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچے تو وزیراعلیٰ نے انکا استقبال کیا ۔ بعد میں چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے مشترکہ ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ سندھ کے مختلف محکموں کے سیکریٹز کے اجلاس کی سربراہی کی ۔ اجلاس کے دوران تمام ترقیاتی منصوبوں کو قانون کے مطابق سرانجام دینے اور کوالٹی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنےکی ہدایات جاری کیں ۔ اطلاعات ہیں کہ وزیر اعلی آج اپنی کابینہ کا انتخاب کریں گے جس کے بعد مزار قائد پر حاضری دیں گے ۔ اس کے علاوہ آئندہ چند روز میں اپنی آبائی اور انتخابی حلقے کا دورہ کریں گے ۔