خبرنامہ سندھ

جدید طرز تعلیم میں ٹیکنالوجی کی اہمیت مسلم ہے،چانسلر جاوید انوار

کراچی:(اے پی پی)سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا ہے کہ جدید طرز تعلیم میں ٹیکنالوجی کی اہمیت مسلم ہے، حصولِ علم کی جستجو ہی دراصل علم کی روح ہے،اگر آپ علم حاصل کرنے کی کوشش نہیں کریں گے تو علم کا وجود ہی مٹ جائے گا۔سرسید یونیورسٹی میں تدریسی طریقہ کار پر منعقدہ لیکچر سے خطاب میں ان کا کہناتھا کہ اس بات پر دھیان دینا ضروری ہے کہ ایسا طریقہ تعلیم ہو،جس میں طلباء کو ان کی ذہنی و فکری سطح کے لحاظ سے سکھایا جائے تاکہ وہ آسانی سے علم کو اپنے اندر جذب کر سکیں،دورِ حاضر کے طرزِ تعلیم میں جدیدٹیکنالوجی کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ فیکلٹی کی ٹریننگ میں ایک گیپ آگیا تھا جس کو دور کرنے کے لیے ارشد کریم کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، ہماری اس کاوش کو فیکلٹی اور دیگر افراد نے بہت سراہا ہے۔مہمان مقرر معروف اسکالرڈاکٹر ارشد سید کریم نے موضوع پر گفتگو میں کہا کہ تدریس نہ تو آرٹ ہے، نہ سائنس بلکہ یہ ایک مہارت ہے، ہنر ہے،’کیا جاننا ہے‘ ، اس پر دھیان نہ دیں، ’کیسے جاننا ہے‘ ، اس پر اپنی توجہ مرکوز کریں،تدریسی طریقہ کار کی بنیاد پڑھنے یا پڑھانے پر نہیں بلکہ سکھانے پرہونی چاہیے۔

تقریب کے اختتام پر چانسلر جاوید انوار نے ارشد سید کریم کو سووینیر بیگ پیش کیا ،قبل ازیں رجسٹرار ممتازالامام نے مہمان مقرر کا شرکاء سے تعارف کرایا۔