خبرنامہ سندھ

جمڑاؤ کینال پراجیکٹ کی تفصیلات 28 اپریل کو فراہم کی جائیں،سندھ ہائیکورٹ

کراچی (آئی این پی) سندھ ہائی کورٹ نے چیف سیکرٹری سندھ کو حکم دیا ہے کہ جمڑاؤ کنال پروجیکٹ کی تفصیل 28 اپریل کو فراہم کی جائے ورنہ معاملہ نیب کے حوالے کر دیا جائے گا۔ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں جمڑاؤ کنال پروجیکٹ کیس کی سماعت ہوئی۔ سیکرٹری آبپاشی سماعت میں موجود تھے۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ لوگ ایک ایک روپے کے لئے ترستے ہیں ، اربوں روپے کا ٹھیکہ اتنی جلدی کیسے دیا ، سیکرٹری آبپاشی نے جواب دیا کہ سیلاب کا خطرہ تھا اس لئے جلد ٹھیکہ دیا گیا۔ عدالت نے سماعت 28 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن کو حکم دیا کہ 28 اپریل کو مکمل تفصیلات پیش کی جائیں۔ مکمل ریکارڈ اور تفصیل فراہم نہ کی تو معاملہ نیب کے سپرد کر دیا جائے گا۔