خبرنامہ سندھ

جیل سےکراچی چلانےکا ریکارڈ بھی بنا کردکھائیں گے: ستار

کراچی: (اے پی پی) ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے متحدہ مشکل سیاسی دور سے گذر رہی ہے اس کا مقابلہ کریں گے ۔ فاروق ستار نے کہا کہ ہم مفادات کی سیاست نہیں کرتے ، مشکل حالات میں سیاسی یکجہتی کو نظریاتی لوگ ہی قائم رکھ سکتے ہیں ۔ رہنما ایم کیوایم کا کہنا تھا کہ ہم پیچھے مڑ کر دیکھنے والے نہیں ہیں ، کراچی کو تیزی سے ترقی کی منازل پر لے کر جائیں گے۔ دوسری جانب متحدہ کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے فاروق بھائی نے کہہ دیا ہے فیصلے پاکستان میں ہی ہوں گے ، عامر لیاقت کے گلے شکوے آج دور کریں گے جبکہ نسرین جلیل سے بات ہو گئی ہے ، وہ مستعفی نہیں ہوں گی ۔ خواجہ اظہار الحسن نے کہا جیل سے وسیم اختر کے لئے نظامت چلانا مشکل ہو گا ، میئر کے حقوق کے لئے سی ایم سے بات کریں گے ۔ انہوں نے کہا اہل کراچی کی مشکلات ختم ہونے کا وقت آگیا ، شام کو فتح کا جشن منائیں گے ۔ خواجہ اظہار الحسن نے کہا جیسے ہمارے دفاتر بند ہوئے ہیں ویسے ہی کھل بھی جائیں گے ۔