خبرنامہ سندھ

دہشت گردوں سے مقابلے میں خاتون پولیس افسرسب سےآگے

کراچی:(ملت آن لائن) کلفٹن میں چینی قونصل خانے پر حملے کے دوران پولیس کی نڈر خاتون افسر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) سہائی عزیز سب سے پہلے دہشت گردوں سے مقابلے کے لیے پہنچیں، وزیر اعلیٰ سندھ نے خاتون افسر کو شاباشی دی۔

تفصیلات کے مطابق آج صبح کراچی میں چینی قونصل خانے کے حملے کے موقع پر پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچیں۔ ایسے میں سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) سہائی عزیز سب سے آگے رہیں اور دہشت گردوں سے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

قونصل خانے کو دہشت گردوں سے کلیئر کرا لیے جانے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آئی جی) امیر شیخ نے سہائی عزیز کی تعریف کی۔

وزیر اعلیٰ نے خاتون افسر کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے بہادری کی مثال قائم کی، یہ ہیں ہماری خواتین جو سب سے آگے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی پولیس امیر شیخ نے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی سہائی عزیز آپ کمانڈو کنگ ہیں۔

اس موقع پر سہائی عزیز نے کہا کہ ڈیوٹی سب سے اہم ہوتی ہے، وردی میں کوئی مرد یا عورت نہیں ہوتا۔

وقوعہ پر موجود چینی قونصلر جنرل، وفاقی وزیر فیصل واوڈا، اور مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے بھی ایس پی کی تعریف اور حوصلہ افزائی کی۔

خیال رہے کہ آج صبح پیش آنے والی بزدلانہ کارروائی میں 4 دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے پر حملہ کیا، تاہم سیکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔

بعد ازاں فورسز کی کارروائی میں 3 دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے۔