خبرنامہ سندھ

رینجرزنےکارروائی سے قبل آگاہ کیا تھا: اسپیکرسندھ

کراچی:(اے پی پی) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا کہنا ہے کہ ڈی جی رینجرز نے مجرمانہ سرگرمیوں میں مطلوب ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی محمد کامران کے خلاف کارروائی سے قبل آگاہ کیا تھا۔ سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے ممبر سندھ اسمبلی محمد کامران رینجرز کو مطلوب ہیں اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے ان سے پوچھ گچھ کے لئے مجھے باقاعدہ ایک خط لکھا تھا۔ ڈی جی رینجرز کے خط پر محمد کامران سے ذاتی طور پر رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن رابطہ نہ ہو سکا پھر ان کے گھر کے پتے پر خط لکھا تھا، محمد کامران نے جوابی خط میں لکھا کہ ان کی والدہ کی طبیعت ناساز ہے، 10 روز کا وقت دیا جائے وہ خود رینجرز کے سامنے پیش ہو جائیں گے لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔ آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ رینجرز نے رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی سے قبل مجھے آگاہ کر کے قانونی کام کیا، محمد کامران کو رینجرز کے سامنے پیش ہونا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حاضر نہ ہونے والے ممبران کی رکنیت ختم ہوسکتی ہے، ممبر شپ ختم ہوگی تو حلقے میں دوبارہ ضمنی انتخاب ہوگا۔ رینجرز نے گزشتہ روز محمد کامران کی گرفتاری کے لئے فاروق ستار کے گھر کا محاصرہ کیا تھا تاہم بعد میں رینجرز اہلکار گھر کی تلاشی لئے بغیر ہی واپس چلے گئے تھے۔