خبرنامہ سندھ

سندھ میں ترقیاتی کاموں پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے،وزیر اعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ کے

میرپورخاص: (ملت+اے پی پی) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں ترقیاتی کاموں پر تیزی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے قلیل وقت میں میگا پروجیکٹ شروع کئے گئے ہیں جس میں واٹر سپلائی، ڈرینج سکیمیں ، ہیلتھ سینٹروں، ادویات کی فراہمی شامل ہے ۔ یہ بات انہوں نے رانا جاگیرعمرکوٹ میں رانا چندرسنگھ کے فرزنداور پی پی پی کے سابق ایم پی اے رانا ہمیر سنگھ کے بھائی پرتیپال سنگھ کی وفات پررانا ہمیر سنگھ سے تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں روزگار کا فقد ان ہے اس لئے ہماری کوشش ہے کہ بیروزگاروں کو میرٹ پر ملازمتیں دی جائیں گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم کو مزید موثر اور بہتر بنایا جارہا ہے جس میں سندھ کے میونسپل علاقوں میں ترجیح بنیادوں پر فنڈز جاری کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں تبدیلی اور خوشحالی کا دور آئے گا۔ ارباب غلام رحیم کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جوا ب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی مرضی ہے وہ کسی کو بھی گورنر سندھ مقررکریں۔انہوں نے کہا کہ عمرکوٹ پریس کلب کوجلد گرانٹ دی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سندھ کی تمام میونسپل کمیٹیوں کے اکاؤنٹ کھول دئے گئے ہیں اور سندھ کی تمام میونسپل کمیٹیوں کو وارڈوں کے حساب سے خصوصی ایوارڈ بھی دیئے گئے ہیں ۔ عمرکوٹ میں ڈائیلاسز مشین کی فراہمی کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جوا ب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ محکمہ صحت اور محکمہ خزانہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ محکمہ صحت کی سکیموں کو جلد مکمل کیا جائے اور سٹاف کی مقرری کے لئے ایس این ای بھی کرائی جائے ۔ اس موقع پر صوبائی مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ نواب تیمور تالپور، ایم پی ایز سید علی مردان شاہ ،دوست علی راہموں، سابق ایم پی ایز علی مراد راجڑ ، پونجومل بھیل، راجویر سنگھ، چیئرمین ضلع کونسل عمرکوٹ سید نورعلی شاہ، وائس چیئرمین بقاعلی پلی، چیئرمین ضلع کونسل تھرپارکر غلام حید ر سمیجو، وائس چیئرمین کرنی سنگھ،چیئرمین میونسپل کونسل عمرکوٹ خالد سراج سومرو، چترام مالہی، جادیو مہاراج، میندھر دیو لاکھانی، کمشنر میرپورخاص شفیق احمد مہیسر، ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم میمن، ایس ایس پی عمرکوٹ عثمان باجوہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عمرکوٹ سبھا ش چندر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹوعمرکوٹ اللہ نواز میمن، اسسٹنٹ کمشنر عمرکوٹ طاہر میمن ،صحافی اور پارٹی ورکرز بڑی تعداد میں موجود تھے۔