خبرنامہ سندھ

سندھ میں پانی کی قلت سے رواں سال چاول کی پیداوار میں 30 فیصد کی کمی کا خدشہ ہے، صدر سندھ چیمبر آف ایگریکلچر

اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) سندھ میں پانی کی قلت کی وجہ سے رواں سال چاول کی پیداوار میں 30 فیصد کی کمی کا خدشہ ہے۔ سندھ چیمبر آف ایگریکلچر کے صدر قبول محمد نے کہا ہے کہ پانی کی کمی کے مسائل کی وجہ سے صوبہ سندھ میں نان باسمتی چاول کی فی ایکڑ اوسط پیداوار 50 من فی ایکڑ تک کم ہو گئی ہے جو قبل ازیں 80 من فی ایکڑحاصل ہو رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبہ میں اری6-، اری8- اور دیگر ہائی برڈ نان باسمتی چاول کے نرخ بھی کم ہیں جس سے کاشتکار طبقہ کو پیداواری اخراجات کی تکمیل میں نقصان کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی دستیابی میں کمی کے باعث کاشتکار طبقہ کی آمدنی متاثر ہو رہی ہے کیونکہ فی ایکڑ پیداوار کے ساتھ ساتھ زیرکاشت رقبہ بھی کم ہو ریا ہے اور چاول کے زیرکاشت رقبہ میں 50 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبی وسائل میں اضافہ اور پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کے حامل زرعی شعبہ کو تحفظ اور ترقی فراہم کی جا سکے جس سے زرعی معیشت کی ترقی اور غربت میں کمی کے اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے گا۔