خبرنامہ سندھ

سپریم کورٹ کا لیڈی ہیلتھ ورکرز کو 5 نومبر تک تنخواہیں جاری کرنے کا حکم

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو 5 ماہ کی تنخواہ جاری نہ کرنے پر سیکرٹری ہیلتھ سندھ کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو 5 نومبر تک تنخواہیں جاری کرکے رپورٹ جمع کرائیں۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کیس کی سماعت کی، سماعت میں ایل ایچ ڈبلیو کو 5ماہ کی تنخواہ جاری نہ کرنے پر سیکریٹری ہیلتھ سندھ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ ایل ایچ ڈبلیو کو 5نومبر تک تنخواہ جاری کریں، تنخواہ جاری نہ کی توتوہین عدالت کانوٹس جاری کیا جائے گا جبکہ 5 نومبر تک تنخواہ جاری کرکے رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے درخواست گزار بشریٰ آرائیں سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو سندھ میں تنخواہ ملی؟ درخواست گزار نے بتایا کہ ہمیں پانچ ماہ سے تنخواہ اور بقایا جات نہیں دیئے گئے، بلوچستان میں پی پی آئی سٹاف کو ریگولر کرنے کے بعد تنخواہیں کم کر دی ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت نے عید سے پہلے تنخواہ دینے کا حکم دیا تھا اور ابھی تک تنخواہ جاری نہیں کی، ایل ایچ ڈبلیو ہرعلاقے میں جاکر پولیو کے قطرے پلاتی ہیں، اس خدمت پران کو تنخواہ بھی نہیں دی جارہی۔

جسٹس ثاقب ںثار نے استفسار کیا سیکریٹری ہیلتھ سندھ کیوں پیش نہیں ہوئے، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ وہ تھر کے حوالے سے میٹنگ میں گئے ہوئے ہیں۔

بعد ازاں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی۔