خبرنامہ سندھ

صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے لئے کوشاں ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ کے

کراچی ۔ (ملت + اے پی پی) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وہ صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے لئے بھرپور طریقے سے کوشاں ہیں، صرف کام شروع کرنا ہی ان کا مقصد نہیں ہے بلکہ کام کے معیار اور اس کی بروقت تکمیل بھی ہونی چاہئے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپر ہائی وے سے چار کلومیٹر دور دمبہ گوٹھ میں ایف ڈبلیو او پبلک اسکول اور ٹراما سینٹر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو او نے صوبے کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو او سپرہائی وے کو اپ گریڈ کرتے ہوئے موٹر وے کی تعمیر بھی کر رہے ہیں اورہم نے انہیں K-IV پروجیکٹ دیا ہے جس پر ایف ڈبلیو او نے چھ سالہ پرانی لاگت کے حساب سے کام شرو ع کر دیا ہے اور یہ پروجیکٹ 4 سال کے بجائے 2 سال کے ریکارڈ عرصے میں مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کی جانب سے ایک اچھی اور بڑی اعانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول اور ٹراما سینٹر کا انہوں نے اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے مشترکہ طور پر افتتاح کیا ہے اور اس کا کراچی کے دیہی علاقوں میں معیاری تعلیم فراہم کرنے میں اہم کردار ثابت ہو گا۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سپر ہائی وے پر ٹراما سینٹر کی اشد ضرورت تھی جہاں پر سڑک کے حادثات میں زخمی ہو نے والوں کے علاج معالجے کے لئے مناسب طبی سہولیات موجود نہیں تھی۔ یہ سینٹر جدید سازو سامان سے آراستہ ہے اور یہاں پر علاقے کے لوگوں بشمول سپر ہائی وے کے نزدیکی علاقوں میں رہنے والی خواتین کو بھی مکمل صحت کی سہولیات فراہم ہوں گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ کراچی کی تمام سڑکوں کو بہتر بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں اور اہم چورنگیوں کو خوبصورت بنایا جا رہا ہے اور کراچی کے لوگوں کوتمام تر ضروری سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپر ہائی وے کی ازسرنو تعمیر سے سڑک حادثات میں بھی نمایاں کمی آئیگی۔ انہوں نے این ایچ اے پر زور دیا کہ وہ بہتر اور مناسب متبادل راستے تعمیر کریں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاکٹر عشرت العباد خان کے ہمرا ہ ٹراما سینٹر اور ماڈل اسکول کا افتتاح کیا اور انہوں نے وہاں پر پودا بھی لگایا۔ بعد میں وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی جی ایف ڈبلیو او میجرجنرل افضل اور چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن کے ہمراہ زیر تعمیر K-IV بلک واٹر سپلائی پروجیکٹ کا فضائی معائنہ بھی کیا۔