خبرنامہ سندھ

عذیر بلوچ کو گرفتار کرنے کے عدالتی احکامات جاری

کراچی:(اے پی پی) لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ کیس کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سماعت جج نے ملزم کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں عذیر بلوچ کے خلاف دائر تھانہ چاکیواڑہ میں اغواء کے مقدمے کی سماعت ہوئی، دوران سماعت عدالت نے ملزم کے وکیل سے ملزم کی حاضری کے حوالے سے دریافت کیا۔ جس پر پولیس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سیکورٹی خدشات کی بناء پر پیش نہیں کیا جاسکا۔ تفتیشی افسر نے عدالت میں عذیر بلوچ کے 2012 سے تھانہ چاکیواڑہ اور تھانہ لیاری میں دائر 5 مقدمات میں عدالت سے ملزم کو گرفتاری کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ ملزم کے خلاف تھانہ بغدادی ، کلری میں اغواء ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے قتل سمیت 7 سنگین مقدمات درج ہیں، عدالت نے ملزم کو گرفتار کرکے تحقیقات کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت 5 اگست تک ملتوی کردی۔ لیاری گینگ وار کے سرغنہ کو رواں سال جنوری میں بلوچستان کے راستے کراچی داخل ہوتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا، ملزم کے خلاف قتل سمیت دیگر سنگین جرائم کے مقدمات درج ہیں جبکہ ملزم نے دوران تفتیش 197 افراد کے قتل کا بھی اعتراف کیا ہے۔