خبرنامہ سندھ

عزیربلوچ کومسلسل عدالت پیش نہ کرنےپرفاضل جج برہم

کراچی(آئی این پی )انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزم عزیربلوچ کو عدالت میں پیش نہ کرنے پر آئندہ سماعت کے لئے ملزم کے خلاف پروڈکشن آرڈر جاری کردیا ۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں لیاری گینگ وار کے مرکزی کردارعزیر بلوچ کے خلاف مقدمات کی سماعت ہوئی۔ مقدمے کی سماعت ملزم عزیر بلوچ کے خلاف لیاری کے نبی بخش تھانے میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور بارودی مواد رکھنے سے متعلق تھی لیکن تفتیشی افسر کی جانب سے ملزم عزیر بلوچ کو ناسازی طبیعت کے باعث پیش نہ کرنے کی معذرت کی گئی جس پرعدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو عزیر بلوچ کے حوالے سے مکمل تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے پروڈکشن آرڈر بھی جاری کردیا ہے تاکہ ملزم کو آئندہ سماعت میں عدالت کے روبرو لازمی پیش کیا جائے۔ واضح رہے کہ عزیر بلوچ کو گرفتاری کے بعد 90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کیا تھا اور اس کے بعد پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا۔ جبکہ گزشتہ سماعت میں بھی تفتیشی افسر نے اپنی رپورٹ میں ملزم عزیر بلوچ کو عدالت میں پیش نہ کرنے کی وجہ کی طبعیت کی خرابی کا بتا کر معذرت کرلی تھی۔