خبرنامہ سندھ

غلط کام کرنیوالوں کے خلاف کارروائی ہو گی: ڈائریکٹر ایف آئی اے

کراچی(آئی این پی) ڈائریکٹر ایف آئی اے شاہد حیات نے کہا ہے کہ کچھ ہفتوں سے ایف آئی اے اور میری ذات پر کیچڑ اچھالا جا رہا ہے۔ میرے خلاف نیب، ایف آئی اے اور وزارت داخلہ کی کوئی انکوائری نہیں چل رہی ہے۔ قانون کے نوکر ہیں کسی کے ذاتی ملازم نہیں ہماری تفتیش سے کوئی ناراض ہوتا ہے تو ہوجائے لیکن قانون سے ہٹ کر کچھ نہیں ہوگا۔ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد حیات نے کہا کہ میں نے گزشتہ تین برسوں میں کوئی غیر ملکی دورہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی میرا کوئی ذاتی کاروبار ہے اور نہ ہی شوگر مل۔ شاہد حیات نے کہا کہ کسی کے ذہن میں کوئی خام خیالی ہو تو نکال دے۔ ان کا ادارہ جن مقدمات کی تفتیش کر رہا ہے انہیں آخر تک لے کر جائیں گے، ان مقدمات میں مزید گرفتاریاں بھی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بزنس مین غلط کام کرے گا تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی اور چاہے کچھ بھی ہوجائے قانون سے ہٹ کر کچھ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرا ڈاکٹر عاصم حسین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہد حیات کے خلاف ریفرنس فائل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سٹاک ایکس چینج کمیٹی اور چیئرمین سکیورٹی ایکسچینج سے میٹنگ ہوئی ہے اور میٹنگ سے دونوں مطمئن ہو کر گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کی طرف غلط طریقے سے نہیں جائیں گے اور نہ ہی کوئی ایسی حرکت کریں گے جس سے سرمایہ کاری کا ماحول خراب ہو۔ جو کیسز ہم نھے فائل کئے انہیں عدالت تک لے کر جائیں گے، مزید گرفتاریاں بھی ہونگی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ایف آئی اے کی کارروائیوں کی نگرانی کیلئے کمیٹی بنا دی۔ ترجمان کے مطابق کمیٹی کا نوٹیفکیشن چیف سیکرٹری سندھ جاری کرینگے۔ یہ کمیٹی ایف آئی اے کی کارروائیوں کی انکوائری کرکے تین ماہ میں رپورٹ پیش کریگی۔