خبرنامہ سندھ

فاروق ستارکا کنکشن ڈس کنکٹ ضرورہوتا ہےمگر لائن لندن کی ہے: وسان

کراچی:(اے پی پی) اپنے خوابوں اور تعبیروں کے حوالے سے مشہور سندھ کے وزیر صنعت و تجارت منظور وسان کہتے ہیں کہ فاروق ستار کا کنکشن کبھی ڈس کنکٹ ضرور ہوتا ہے مگران کی لائن لندن کی ہی ہے۔ منظور وسان نے کہا کہ ایم کیو ایم تین دھڑوں میں بٹ رہی ہے، 2018 میں ایم کیوایم کی پارلیمنت میں نمائندگی کم ہوجائے گی، فاروق ستار لندن کے کنکشن کےعلاوہ بات نہیں کررہے، کنکشن کبھی ڈس کنکٹ ضرور ہوتا ہے مگر ان کی لائن لندن کی ہی ہے۔ متحدہ کے بانی کا مستقبل لندن میں ہے اور اب اندر کے لوگ پارٹی چلائیں گے۔ اس سے قبل منظور وسان نے سندھ اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کے دفتر پر اچانک دورہ کیا تو ایم ڈی سمیت کئی اعلیٰ افسران کو غیر حاضر پایا، دفتر میں سندھ اسمال انڈسٹریز کے 7 میں سے صرف ایک ڈائرکٹر حاضر تھے۔ جس پر انہوں نے افسران کی ماہانہ حاضری کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ انہوں نے سندھ اسمال انڈسٹریزکارپوریشن کے ایم ڈی کی غیرحاضری پر پوچھ گچھ کی اور انہیں وارننگ جاری کردی۔ اس کے علاوہ انہوں نے عمارت میں ٹوٹی کرسیاں اور کچرا دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران سندھ اسمال انڈسٹریزکی 2خواتین ملازمین نے منظور وسان سے تنخواہ نہ ملنےکی شکایت کی، جس پر انہوں نے کہا کہ ادارے کی ماہانہ آمدنی 20 کروڑ روپے جب کہ اخراجات 40 کروڑ ہیں، ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، وہ وعدہ کرتے ہیں کہ ملازمین کو عیدالالضحیٰ سے قبل تنخواہیں ادا کردی جائیں گی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی جیب سے دونوں خواتین کو5،5 ہزار روپے دے دیئے۔