خبرنامہ سندھ

لیاری جنرل اسپتال سے گرفتار ملزم ریاض بابل کے اہم انکشافات

کراچی: لیاری جنرل ہسپتال میں گینگ وار کے کارندوں کا علاج کرانے کے الزام میں گرفتار ملزم ریاض بابل سے تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملزم کو اسپتال میں ایم ایس کی حیثیت حاصل تھی اور اسکی مرضی کے بغیر کوئی بھی مریض اسپتال میں داخل نہیں کیا جاتا تھا۔ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں بتایا ہے کہ لیاری جنرل ہسپتال میں گینگ وار کمانڈر نور محمد عرف بابا لاڈلہ نے بھرتی کرایا تھا۔ ملزم بابا لاڈلہ کے حکم پر اسپتال میں دہشت گردوں کا علاج کراتا تھا۔ ریاض بابل کی نشاندہی پر بابا لاڈلہ گروپ کے کارندوں کے گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے نے سکندر سکو، سلمان سلم، گلابو اور زاہد لاڈلہ سمیت دیگر ملزمان کے گھروں پر چھاپے مارے ہیں۔ ملزم کی نشاندہی پر بابا لاڈلہ کے ستائیس گھروں سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ملزم نے ان سرکاری اسکولوں اور گوداموں کی بھی نشاندہی کی ہے جن میں گینگ وار کے ملزمان کا اسلحہ چھپایا جاتا تھا۔ –