خبرنامہ سندھ

مسلم حکمران سو رہے ہیں لیکن امت جاگ رہی ہے، سراج الحق

پاناما کے

مسلم حکمران سو رہے ہیں لیکن امت جاگ رہی ہے، سراج الحق

کراچی(ملت آن لائن) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ مسلم حکمران سو رہے ہیں لیکن امت جاگ رہی ہے۔

جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی میں ہونے والے ’القدس ملین مارچ‘ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ جب تک ایک مسلمان بھی زندہ ہے القدس کبھی بھی اسرائیل کا دارلحکومت نہیں بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالم اسلام منتشر اور دست وگریباں ہیں، القدس کو بچانے کے لیے مسلم امت کا اتفاق ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ چرچ پر دھماکے کی مذمت کرتا ہوں اور اس حملے کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے جب کہ پاکستان کے خلاف بھارت، اسرائیل اور امریکا کا ٹرائیکا بن چکا ہے۔

جماعت اسلامی کی جانب سے ریلی کے مقامات پر فلسطین اور پارٹی پرچم کے علاوہ مختلف بینرز آویزاں کئے گئے ہیں جن پر فلسطین سے اظہار یکجہتی اور امریکا کے خلاف نعرے درج ہیں۔

جماعت اسلامی کے ملین مارچ میں کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے جب کہ نیپا چورنگی اور حسن اسکوائر جانے والی ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو متبادل راستہ اختیار کرنے کا کہا گیا ہے، شہری صفورا چورنگی سے صدر کے لئے موسمیات سے منور چورنگی، جوہر چورنگی کا راستہ استعمال کریں۔

سہراب گوٹھ سے راشد منہاس روڈ گلشن اور نیپا پل کے اوپر سے جوہر موڑ کا راستہ اختیار کریں، لیاقت آباد 10 نمبر سے شارع فیصل جانے والے تین ہٹی، جیل چورنگی برج کا راستہ استعمال کریں۔

ایئرپورٹ جانے والے عائشہ منزل، سہراب گوٹھ، راشد منہاس روڈ، گلشن اور نیپا کے پل سے جائیں اور کار ساز سے لیاقت آباد اور ناظم آباد کے لئے نیشنل اسٹیڈیم سے بائیں جانب براستہ اسٹیڈیم روڈ جائیں۔