خبرنامہ سندھ

مصطفی کمال نے بچہ پارٹی کانام رکھ لیا لیکن کان میں اذان ہم دیں گے: فاروق ستار

اسلام آباد:(اے پی پی)متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ کمال نے اپنی بچہ پارٹی کا نام تو رکھ لیا لیکن کان میں اذان ہم ہی دیں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے منحرف ہو کر نئی سیاسی جماعت بنانے والے مصطفیٰ کمال نے اپنی پارٹی کا نام تو رکھ لیا لیکن کان میں اذان ہم ہی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کے متعلق غلط خبریں دینے والے سنیئر اینکرز کو رویے پر نظرثانی کرنی چاہیے جب کہ سابق صدر پرویز مشرف کی روانگی کے حوالے سے صرف یہی کہوں گا کہ جب میاں بیوی راضی ہیں تو کیا کرے گا قاضی۔ ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ دوبڑی سیاسی جماعتوں نے اپنے مفادات کےتحفظ کے لئے مختلف پالیسیاں اپنائیں، بڑی جماعتیں اپنے مفادات کے تحت ہر صوبے میں مختلف پالیسیاں بناتی ہیں اور ملک کے لئے ایک پالیسی نہ رکھنا بڑی جماعتوں کی منافقت ہے، مسلم لیگ (ن) کو سندھ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تو اس نے ہمارے موقف کی حمایت کردی۔فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات سپریم کورٹ کے حکم پر ہوئے جس کے بعد بلدیاتی اداروں کو فعال ہوجانا چاہیئے تھا لیکن نہیں ہوسکے، الیکشن کمیشن بھی اپنی ذمے داری پوری نہیں کررہا، الیکشن کمیشن شوآف ہینڈ کا معاملہ کالعدم قراردیتا تو معاملہ عدالت میں نہ آتا، رواں سال بھی بلدیاتی اختیارات صوبائی حکومتوں نے استعمال کئے جب کہ 6 ماہ گزر گئے لیکن میئرزاورڈپٹی میئرز کے انتخابات نہیں ہوسکے۔