خبرنامہ سندھ

وزیراعلی سندھ آنکھ جھپک لیں تو ان پر سونے کا الزام لگا دیا جاتا ہے: مولا بخش چانڈیو

حیدر آباد (آئی این پی) وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وزیراعلی سندھ آنکھ بھی جھپک لیں تو ان پر سونے کا الزام لگا دیا جاتا ہے،سندھ کے وزراء ایمانداری اور محنت میں اپنی مثال آپ ہیں،لوگوں کو مارنے مروانے کی سیاست کبھی نہیں کی، لفظ ’’ دم‘‘ کی وضاحت کی تو معاملات اور بگڑ جائیں گے ۔وہ پیر کو حیدر آباد میں سول ہسپتال کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ حیدر آباد کے سول ہسپتال میں تھرپارکر کے مکینوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے، ان کے علاج کیلئے تمام سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ خامیوں کے باوجود تھر کے حالات پہلے سے بہتر ہو رہے ہیں تھر کے ہر گاؤں میں ایمبولینس کھڑی نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ پر امن وادی کشمیر کو سیاسی مفادات کی بھینٹ نہیں چڑھایا جانا چاہیے،سندھ کے تمام وزراء ایماندار اور محنتی ہیں۔ مولا بخش چانڈیونے کہا کیا ملک میں بجلی کا مسلہ حل ہو گیا ہے ؟شہباز شریف اب مینارپاکستان پر بیٹھ کر پنکھا کیوں نہیں جھلتے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل کے آنے کے بعد دہشتگردی کے خلاف اقدامات ہوئے ، دہشتگردوں کی حمایت کرنے والے ان کیخلاف کارروائی پر مجبور ہوئے۔(اح)