خبرنامہ سندھ

پارٹی عہدے سے تحریری طور پر استعفیٰ دیا اور نہ ہی لیا گیا، ڈاکٹر عاصم

پارٹی عہدے سے تحریری طور پر استعفیٰ دیا اور نہ ہی لیا گیا، ڈاکٹر عاصم
کراچی:(ملت آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا ہے کہ وہ 6 ہفتوں کے لیے ملک سے باہر جارہے ہیں، اس لیے انہوں نے پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر کے عہدے پر کام کرنے سے معذرت کی۔ احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ ‘آصف علی زرداری جو ہدایات دیں گے، میں اس پر عمل کروں گا’۔ ڈاکٹرعاصم پیپلزپارٹی کراچی کے صدر کی ذمہ داریوں سے سبکدوش استعفیٰ لیے جانے کے سوال پر ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ انہوں نے تحریری طور پر استعفیٰ نہیں دیا اور نہ ہی ان سے استعفیٰ لیا گیا احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر ایک رپورٹر نے ڈاکٹر عاصم سے سوال کیا کہ ‘کیا انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ فاروق ستار سے ملاقات کے بعد دباؤ کی وجہ سے استعفیٰ دیا؟’ جس پر ڈاکٹر عاصم نے جواب دیا، ‘تحریری طور پرمیں نے پارٹی عہدے سےاستعفیٰ خود نہیں دیا’۔
رپورٹر نے مزید سوال کیا، ‘تو کیا آپ کو پارٹی نے نکالا ہے؟’ جس پر ڈاکٹر عاصم نے نفی میں جواب دیتے ہوئے کہا ‘جو باتیں کررہے ہیں ان سے جاکے پوچھیں’۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز ڈاکٹر عاصم حسین پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر کے عہدے پر کام کرنے سے معذرت کرتے ہوئے ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے تھے۔ گذشتہ روز ڈاکٹر عاصم نے کہا تھا کہ وہ بیرون ملک سرجری کی وجہ سے عہدے پر کام جاری نہیں رکھ سکتے لیکن پارٹی میں کارکن کے طور پر کام کرتے رہیں گے۔ ڈاکٹر عاصم پیپلزپارٹی کے سابق دور حکومت میں مشیر پیٹرولیم رہ چکے ہیں، انہیں رینجرز نے دہشت گردوں کے علاج معالجے کے الزام میں گرفتار کیا تھا جب کہ نیب نے ان کے خلاف کرپشن ریفرنس بھی دائر کر رکھا ہے۔ مذکورہ کیسز میں ضمانت کے بعد پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ڈاکٹر عاصم حسین کو پی پی پی کراچی ڈویژن کا صدر مقرر کیا تھا۔