خبرنامہ سندھ

پاک پرتگال تعلقات خطہ کیلئے انتہائی مفید ہیں

کراچی (ملت + آئی این پی) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک پرتگال تعلقات خطہ کے لئے انتہائی مفید اور موئثر ثابت ہو رہے ہیں ، دو طرفہ سرمایہ کاری و تجارت اور وفود کے تبادلوں سے یہ تعلقات عوامی سطح پر بھی قائم ہو چکے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کے لئے مزید سرگرم کوششوں کی ضرورت ہے ، صوبہ با الخصوص کراچی میں سرمایہ کاری اور معاشی و سماجی سرگرمیوں میں تیزی خطہ میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں اہم ثابت ہو گی ،پرتگال کے سرمایہ کار بھی کراچی کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں،صوبہ میں انرجی با الخصوص ونڈ انرجی ، زراعت ، ٹیکنالوجی ، انفرااسٹرکچر و ڈیویلپمنٹ ، ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری سے فوری منافع یقینی ہے،وہ اتوار کو چارج ڈی افیئرز آف پرتگال کے سفیر Dr.Joao Paulo Marques Sabido Costa سے گورنر ہاؤس میں ملاقات میں گفتگو کررہے تھے،اس موقع پر پرتگال کے قونصل جنرل فاخر ایازالدین بھی موجود تھے، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ، تجارت ، سرمایہ کاری اور دلچسپی کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاک پرتگال تجارتی حجم میں اضافہ دو طرفہ مفاد میں ہے ، صوبہ میں دوطرفہ سرمایہ کاری و تجارت کے وسیع مواقع دستیاب ہیں پرتگال کے سرمایہ کار ، تاجر اور صنعت کار پرکشش اور ساز گار ماحول سے زبر دست فائدہ حاصل کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پرتگال سیاحت کے حوالہ سے منفرد حیثیت رکھتا ہے ،پاکستان میں بھی سیاحت کے فروغ کے لئے پرتگال کے تجربہ سے استفادہ حاصل کیا جا ئے گا ۔اس موقع پرDr.Joao Paulo Marques Sabido Costa نے گورنر سندھ کو بتایا کہ پاکستان دنیا میں پرامن ملک کے طور پر ابھر کر سامنے آرہا ہے جہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اور سا ز گار ماحول سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش اہمیت رکھتے ہیں پرتگال کے سرمایہ کار بھی صوبہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو GPS پلس درجہ ملنے کے بعد پاکستانی ٹیکسٹائل ، کپڑے اور چمڑہ کی مصنوعات کے لئے یورپی منڈیوں تک رسائی آسان ہو جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ونڈ انرجی سے پرتگال اپنی کل ضروریات کا 62 فیصد حصہ حاصل کررہاہے پاکستان میں بھی ہوا کثرت سے دستیاب ہے اس ضمن میں پرتگال ونڈ انرجی شعبہ میں پاکستان کو بھرپور معاونت کرنے کو تیار ہے۔