خبرنامہ سندھ

کراچی:رینجرزنےفاروق ستارکےگھرکا محاصرہ ختم کردیا

کراچی:(آئی این پی) کراچی کی پی آئی بی کالونی میں رینجرز کی بھاری نفری نے ڈاکٹر فاروق ستار کے گھر کا محاصرہ کیا تھا جبکہ داخلی اور خارجی راستوں کو بھی سیل کر دیا تھا تاہم ڈیڑھ گھنٹے بعد رینجرز نے گھر کا محاصرہ ختم کر دیا اور کالونی کے راستے بھی کھول دیئے۔ جس کے بعد کارکنوں کی بڑی تعداد فاروق ستار کے گھر کے باہر جمع ہو گئی۔ رینجرز ذرائع کے مطابق کارروائی ایم پی اے کامران فاروقی سمیت 2 مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ اس دوران کوئی گرفتاری نہیں کی گئی۔ ترجمان ایم کیو ایم نے محاصرے کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے فوری طور پر رینجرز کو ڈاکٹر فاروق ستار کے گھر سے واپس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔ ڈاکٹر فاروق ستار کے مطابق رینجرز گھر کے باہر سامنے اور پیچھے والی گلی میں موجود رہے لیکن اندر داخل نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا میری بیگم سے رینجرز کے افسر کی بات ہوئی ہے اور رینجرز نے کسی مرد کو باہر بھیجنے کا کہا تھا جبکہ میری بیگم نے تلاشی کے وارنٹ کا تقاضا کیا۔ انہوں نے کہا ڈی جی رینجرز سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن رابطہ نہیں ہو سکا ۔ میرے دروازے کو پیٹا گیا۔انہوں نے کہا میں ڈی جی رینجرز سے بات کرنا چاہتا ہوں کہ اچانک اس طرح محاصرہ کیوں گیا ۔ کیا رکن اسمبلی کے گھروں کے اس طرح محاصرے ہوتے ہیں؟۔ اگر کوئی مجھ سے بات کرنا تھی تو اس طرح اچانک کیوں آئے۔ میرے گھر کا سرچ آپریشن کرنا ہے تو کیمرا بھی ساتھ ہوتا کہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے۔ ان کا کہنا تھا مجھے معلوم تو ہو کون سا آدمی مطلوب ہے۔ کوئی آدمی اگر خیابان سحر چلا جائے تو وہ غیر مطلوب ہو جاتا ہے۔ یہ کوئی طریقہ نہیں ہے۔ فاروق ستار نے کہا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کسی کریمنل کو اپنے گھر میں رکھوں۔ کوئی کریمنل ہے تو اس کا نام بتایا جائے۔