خبرنامہ سندھ

کراچی:موسم گرما میں شدید گرمی پڑنےکی پیشگوئی

کراچی:(اے پی پی)کراچی میں موسم گرما میں شدید گرمی پڑنے کی پیشگوئی کردی گئی ہے، تاہم سندھ حکومت نے بھی ہیٹ اسٹروک سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت کوایک ہفتہ میں ایکشن پلان بنانے کی ہدایت کردی ہے۔کراچی میں موسم گرما کے دوران شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے، شہر میں شدید گرمی کی عالمی سطح پروارننگ جاری کی گئی تو سندھ حکومت نے بھی ہیٹ اسٹروک سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات شروع کردیئے، سینئروزیرنثارکھوڑو کہتے ہیں کہ ہیٹ اسٹروک سے بچاوٴ کے لیے سندھ بھرمیں مہم چلائی جائے گی۔گزشتہ برس کراچی میں ہیٹ اسٹروک کے باعث پندرہ سو کے قریب ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں، تاہم صوبائی وزیر جام مہتاب کہتے ہیں کہ ہیٹ اسٹروک کے دوران اموات کی وجہ لوڈ شیڈنگ تھی،سمندری ہواوٴں میں تبدیلی کی وجہ سے کراچی کا درجہ حرارت تبدیل ہورہا ہے، صوبائی وزراء کا کہنا ہے کہ بجلی کی فراہمی سمیت بنیادی سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کو ممکنہ ہیٹ اسٹروک کے پیش نظراقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے۔