خبرنامہ سندھ

کراچی: ایک ہزارروپےکی مالی مدد

کراچی:(آئی این پی) کراچی کے علاقے صدر میں لکی اسٹار کے قریب ایک نجی ہوٹل کے مالک کی جانب سے غریب اور مستحق افراد میں نقد رقم کی تقسیم بدنظمی کا شکار ہو گئی ۔ ایک ہزار روپے کے حصول کے لیے لوگوں نے ایک دوسرے کا خیال تو دور کی بات خواتین تک کا احترام بھول گئے۔ لوگوں کا ہجوم ، پہلا روزہ اور پھر گرمی کی شدت نے بہت سی خواتین اور بزرگ افراد کی حالت خراب کر دی جبکہ ایک خاتون حبس اور گرمی کے باعث بے ہوش ہو گئیں ۔ کئی مستحق افراد دور کھڑے رش ختم ہونے کا انتظار کرتے رہے ۔ انکا کہنا تھا کہ اگر لوگ نظم و ضبط کا مظاہرے کرتے تو ہر شخص کے لیے رقم حاصل کرنا آسان ہو جاتا۔ مختلف سماجی تنظیموں اور مخیر حضرات کی جانب سے ہر سال ضرورت مندوں میں امدادی رقم اور مفت رشن بانٹا جاتا ہے لیکن طریقہ کار مناسب نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔