خبرنامہ سندھ

کراچی: سیاسی جماعت کے کارکن سمیت 15افرادگرفتار

کراچی (آئی این پی )کراچی میں پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری،شہر کے مختلف علاقوں سے افغانی باشندہ اور مفرور ملزم سمیت 15 افراد پکڑے گئے۔ محمودآباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے افغانی باشندہ گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ ڈاکٹر فاروق کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک لیپ ٹاپ، دو کیمرے، دو افغانی سمز، ایک موبائل، ایک ریپیٹر اور انہتتر ہزار نقدی برآمد ہوئی ۔ ملزم کے لیپ ٹاپ اور سمز کو لیب بھیج دیا گیا ۔ دوسری جانب آرٹلری اور سول لائن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان گرفتار کر لئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں سے ایک کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ ادھر سعودآباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 11 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق حراست میں لئے گئے افراد میں ایک مفرور ملزم بھی شامل ہے۔ ڈیفنس خیابان شمشیر کے خالی پلاٹ سے خاتون کی چار روز پرانی لاش برآمد ہوئی ۔