خبرنامہ سندھ

کراچی: شہید ہونےوالےپاک فوج کےدوجوانوں کی نمازجنازہ ادا

کراچی (اے پی پی) کراچی میں شہید ہونے والے پاک فوج کے دو جوانوں کی نمازجنازہ ادا کردی گئی ، سندھ پولیس کی خصوصی انوسٹی گیشن ٹیم نے تحقیقات شروع کر دیں ، صوبائی وزیر داخلہ نے دہشت گردوں کی اطلاع دینے والے کے لیے پچاس لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے ۔ کراچی میں امن دشمنوں نے فائرنگ کر کے پاک فوج کے دو جوان شہید کر دیے ۔ صدر پارکنگ پلازہ کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار دہشت گردوں نے پاک فوج کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی ۔ حملے میں لانس نائیک رزاق موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ دوسرے زخمی اہلکار خادم حسین نے جناح ہسپتال میں دم توڑ دیا ۔ ایک رکشہ ڈرائیور عینی شاہد نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار دہشت گرد گاڑی کا تعاقب کر رہے تھے ۔ سنسان سڑک پر انہوں نے فائرنگ کر دی ۔ عینی شاہد نے انکشاف کیا کہ دہشت گرد کے ہاتھ میں اسلحہ کے ساتھ ایک تھیلا بھی تھا ۔ دہشت گردی کے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے سندھ پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق جائے وقوعہ سے خول نہیں ملے ، لگتا ہے حملہ آوروں نے پستول کے ساتھ بیگ یا کیچر کا استعمال کیا ، فائرنگ نائن ایم ایم پستول سے کی گئی ۔ ترجمان فوج کے مطابق لانس نائیک رزاق شہید کا تعلق نوشہرو فیروز اور سپاہی خادم حسین کا دادو سے تھا ۔ لانس نائیک رزاق شہید کی نماز جنازہ آبائی علاقے نوشہرو فیروز میں بھی ادا کی گئی ۔ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے دہشت گرد کی اطلاع دینے والے کے لیے پچاس لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے ۔