خبرنامہ سندھ

کراچی میں صبح سویرے ٹھنڈی ہواؤں اوردھند کاراج

کراچی:(ملت آن لائن) جلھساتی ہوئی دھوپ کے بعد بالآخر ٹھنڈی ہواؤں نے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کا بھی رخ کرلیا اور صبح سویرے چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں اور دھند نے موسم خوشگوار بنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں بھی سردی آن پہنچی۔ بدھ کی صبح شہر میں ٹھنڈی ہواؤں اور دھند سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ ایک روز قبل تک تیز دھوپ شہر قائد کے باسیوں کو جھلسا رہی تھی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں موجودہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹے میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔

کراچی پولیس نے دھند کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط سے ڈرائیونگ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت جاری ہے۔ سوات میں مسلسل دوسرے روز بھی بارش ہورہی ہے جبکہ دیگر بالائی علاقوں میں برف باری ہورہی ہے۔