خبرنامہ سندھ

کراچی میں عسکری پارک میں جھولا گرنے سے 14 سالہ لڑکی جاں بحق، 10 زخمی

کراچی: پرانی سبزی منڈی کے قریب واقع عسکری پارک میں جھولا گرگیا جس کے نتیجے میں 14 سالہ لڑکی جاں بحق جبکہ 10 دیگر افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق لڑکی کا نام کشف بتایا گیا، اس کے علاوہ دو دیگر بچوں کی حالت بھی تشویشناک بتائی گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق جھولے کو ٹرائل پر چلایا جارہا تھا جبکہ ریسکیو عملہ حادثے کے بعد دیر سے پہنچا اور گرنے والے جھولے کو اٹھانے کے لیے کرین بلوائی گئی۔

واضح رہے کہ اتوار کی وجہ سے پارک میں کافی رش تھا، جسے اب عوام کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی نفری پارک پہنچی اور جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا۔

جھولا گرنے کے بعد پولیس نے عسکری عسکری پارک کو سیل کردیا۔

پولیس نے پارک انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جائزہ لینے کے بعد اعلیٰ افسران کی ہدایت پر پارک کھولا جائے گا۔

علاوہ ازیں چیف سیکریٹری سندھ اعظم سلیمان کے احکامات پر صوبے بھر کے پارکوں میں جھولے تین روز کے لیے بند کر دیےگئے۔

اعظم سلیمان نے کہا تین روز میں ٹیکنیکل انسپیکشن کے بعد جھولوں کو کھولا جائے گا۔

آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے بھی ایس ایس پی ایسٹ کو فوری ریسکیو اقدامات کی ہدایات کیں۔

انہوں نے ہدایات دیں کہ واقعے کی انکوائری کے لیے پارک انتظامیہ کا تعاون یقینی بنایا جائے۔

دوسری جانب گورنر سندھ محمد زبیر نے جھولا گرنے کے واقعےکا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر اور ایڈیشنل آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

انہوں نے زخمیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔