خبرنامہ سندھ

کراچی میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارروائی 8 ملزمان گرفتار

کراچی (آئی این پی ) کراچی میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ، نارتھ کراچی بفرزون سے سیاسی جماعت کا ٹارگٹ کلر، ملیر پندرہ سے سیاسی جماعت کا کارکن جبکہ لیاری سے بابا لاڈلہ گروپ کے چھ کارندے گرفتار کرلئے گئے ۔گزشتہ شب حساس اداروں نے نارتھ کراچی بفر زون میں کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر ریحان عرف ٹاپ کو گرفتار کر لیا ۔ ذرائع کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش پندرہ سے زائد قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔ ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے ملیر پندرہ میں ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران سیاسی جماعت کے کارکن وحید کو حراست میں لے لیا، جبکہ ملزم کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔ دوسری جانب لیاری کے علاقے رانگی واڑہ اور مارواڑی محلے میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے بابا لاڈلہ گروپ کے چھ کارندوں کو گرفتار کرلیا، جن میں نریش، سورج اور شمعون سمیت دیگر شامل ملزمان شامل ہیں۔ ملزمان چند روز قبل تغلق لین میں ہونیوالے دستی بم حملے میں بھی ملوث تھے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی گئیں۔