خبرنامہ سندھ

کراچی میں چٹ پٹےکھانےکینسر کا باعث

کراچی(آئی این پی) جامعہ کراچی میں ہونے والی نئی تحقیق نے شہر کے مختلف علاقوں میں بکنے والے کھلے مصالحوں میں کینسر کا باعث بننے والی دھاتوں کی موجودگی ثابت کر دی ، مضر صحت مصالحوں کی فروخت بلا کسی روک ٹوک جاری ہے ۔ جامعہ کراچی کے شعبہ انوائرنمنٹل سائنس کے اساتذہ اور طلبہ کی نئی تحقیق نے کراچی کے مختلف علاقوں جوڑیا بازار ، ملیر ، گول مارکیٹ ، سہراب گوٹھ اور قائد آباد میں بکنے والے کھلے مصالحوں کو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دے دیا ہے ۔ 6 ماہ پر محیط تحقیق کے مطابق بریانی ، کڑاہی ، قورمہ اور دیگر مرغن غذائوں کے لیے استعمال ہونے والے 40 قسم کے تیار مصالحوں میں بھاری دھاتوں کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں جس میں سیسہ سر فہرست ہے ۔ یہ دھاتیں انسانی جسم میں کینسر کا سبب بنتی ہیں ۔ دوسری جانب یہ کھلے مصالحے خریدنے والے کہتے ہیں برانڈڈ مصالحے خریدنے کی سکت نہ ہونے کے باعث وہ کھلے مصالحوں کو ترجیح دینے پر مجبور ہیں ، شہریوں نے مضر صحت مصالحوں کی فروخت کو روکنے میں انتظامیہ کے کردار کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بازاروں میں بکنے والی اشیاء خور و نوش کو محفوظ بنانے کے لیے متعلقہ ادارے موثر کردار ادا کرے تاکہ شہریوں کی صحت اور زندگی دائو پر لگنے سے بچ سکے ۔