خبرنامہ سندھ

کراچی پولیس کی کارروائی سی ٹی ڈی اہلکارکےقاتل مارےگئے

کراچی:(ملت+ آئی این پی) کراچی میں پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ،بلوچ پاڑہ میں 2 ملزمان مارے گئے جبکہ ماڑی پور سے گینگ وار کا کارندہ اور واٹر پمپ سے زخمی حالت میں ملزم پکڑا گیا۔ انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کے مطابق سی ٹی ڈی سول لائنز نے جہانگیر روڈ بلوچ پاڑہ میں کارروائی کرتے ہوئے سی ٹی ڈی اہلکار شباب حیدر کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو مقابلے کے بعد ہلاک کر دیا، ملزمان کی شناخت سہیل بلوچ عرف شوٹر اور سرفراز عرف کالا کے نام سے ہوئی، مقابلے کے دوران ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا ۔ دوسری جانب ماڑی پور پولیس نے کارروائی کے بعد گینگ وار کے کارندے کو گرفتار کرلیا، ملزم شاہ جہاں عرف بھورا جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ موٹر وے پولیس نے ہائی وے پر ٹیکسی کو رکنے کا اشارہ کیا، ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے تاہم پولیس نے تعاقب کرکے واٹر پمپ کے قریب ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔ ادھر ناتھا خان گوٹھ میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 10 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، ملزمان سے اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ۔