خبرنامہ سندھ

کراچی کی ترقی اور تعلیمی نظام کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (ملت + آئی این پی)وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہا ہے کراچی کی ترقی اور تعلیمی نظام کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے،وہ جمعرات کوامریکی سفیر ڈیوڈ ایم ہیل (Mr.David M.Hale) سے بات چیت کررہے تھے، جنہوں نے آج امریکی قونصل جنرل مس گریس ڈبلیو۔شیلٹن(Ms Grace W.Shelton )کے ہمراہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن اوروزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ بھی شریک تھے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ وہ سڑکوں کے نیٹ کی تعمیر نو ، فلائی اوورز، انڈر پاسز اور نکاسی آب کے نظام کوجدید طریقوں سے ترقی دینے کے خواہاں ہیں ۔اس وقت کراچی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی شروع کردی ہے۔ شہر کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی مکمل ہونے کے بعد کراچی ایک بار پھر جگمگا تا اور روشنیوں کا شہر نظر آئے گا ۔انہوں نے کہاکہ سڑکوں کے نیٹ ورک کی بہتری سے ٹریفک کی روانی بھی بہتر ہو جائے گی ۔ اس موقع پرامریکی سفیر نے کہا کہ ان کی حکومت صحت اور تعلیم کے شعبے میں سندھ حکومت کی مدد کرے گی۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے پرائمری سے سیکنڈری سطح پر اساتذہ کی استعدادکار بڑھانے کے لئے بھرپور حمایت پر زور دیا۔ انھوں نے تعلیم اور صحت کی سہولیات کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مہمانوں کو سندھ کا روایتی تحفہ سندھی ٹوپی،اجرک اور سندھی موسیقی کی البم بھی پیش کی۔