خبرنامہ سندھ

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار اور سہانا ہوگیا ہے۔

آج صبح سویرے سے ہی کراچی کے علاقے ملیر، شیر شاہ، لسبیلہ، گلشن اور گلستان جوہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوار اور سہانا ہوگیا ہے۔

صدر، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، لیاقت آباد، ایف بی ایریا، پی ای سی ایچ ایس، یونیورسٹی روڈ، جیل روڈ، جہانگیر روڈ، ناظم آباد، قائد آباد، شاہ فیصل کالونی اور لانڈھی کے علاقوں میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔

ہلکی بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن کے نتیجے میں متعدد موٹرسائیکل سواروں کے گرنے کے واقعات بھی پیش آئے، شہر کی مصروف ترین شاہراہ شارع فیصل پر بھی موٹرسائیکلوں کے پھسلنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور مختلف علاقوں میں مزید بوندا باندی کی بھی پیشگوئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے جب کہ سمندری ہوائیں 18 کلو میٹر فی گھنٹا کی رفتار سے چل رہیں ہیں۔

محمکہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنےکا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد سمیت راولپنڈی، گوجرانوالہ، مالاکنڈ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش کی توقع ہے جب کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے ۔

بارش کے موسم میں احتیاطی تدابیر:

کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں کے الیکٹرک کا عملہ 24 گھنٹے موجود ہے لیکن شہری بارش کے موسم میں احتیاطی تدابیر پر ضرور عمل کریں۔

شہری ٹوٹے تاروں، بجلی کےکھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں۔
شہری برقی آلات کا استعمال گیلے ہاتھوں کے ساتھ نہ کریں۔
غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول ہرگز نہ کریں۔
کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پر فوری رابطہ کریں۔
سڑکیں گیلی ہونے کے باعث موٹر سائیکلیں پھسلنے کے واقعات بھی پیش آرہے ہیں اس لیے شہری موٹر سائیکل تیز رفتاری سے نہ چلائیں۔