خبرنامہ سندھ

گورنرسندھ اورمصطفی کمال کے درمیان جنگ پرسندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع

کراچی(ملت + آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف نے گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد اورمصطفیٰ کمال کی ایک دوسرے پرالزام تراشی کے معاملے پر سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرائی ۔ پاکستان تحریک انصاف کے خرم شیرزمان نے سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروائی جس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرعشرت العباد اورمصطفی کمال نے ایک دوسرے پرسنگین الزامات لگائے، دونوں نے جو الزامات ایک دوسرے پرلگائے ہیں اس سے کراچی سمیت پورے ملک میں امن وامان کی صورتحال متاثرہوئی ہے، گورنرسندھ اورمصطفٰی کمال کے الزامات نے واضح کردیا ہے کہ کراچی میں دہشتگردی کا ذمہ دارکون ہے۔تحریک التوا میں کہا گیا کہ 12 مئی اورسانحہ بلدیہ کوبھلایا نہیں جا سکتا، گورنرسندھ اور مصطفی کمال پہلے کیوں خاموش تھے اور گورنرسندھ فوری مستعفی ہوجائیں۔ تحریک التوا میں مطالبہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ گورنرسندھ اورمصطفٰی کمال کو کراچی بد امنی کیس میں شامل تفتیش کرے اور عدالتی کمیشن تشکیل دے کر الزامات کی تحقیقات کرائی جائے۔