خبرنامہ سندھ

کراچی: چینی قونصل خانے پر حملہ، 2 پولیس اہلکار شہید

کراچی کے علاقے کلفٹن میں قائم چینی قونصل خانے کے قریب فائرنگ اور دھماکے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق شہر قائد میں چینی قونصل خانے کے قریب سیکیورٹی گارڈز پر حملہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری طلب کرلی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق 3 سے 4 افراد نے کلفٹن کے علاقے میں واقعے چینی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی اور گارڈ پر فائرنگ کرتے ہوئے عمارت کے اندر داخل ہوئے ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق قونصل خانے کے اطراف میں دھماکوں کی بھی آوازیں سنائی دی گئی اور وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

رپورٹس کے مطابق قونصل خانے کے قریب ایک سفید رنگ کی مشکوک کار کو بھی دیکھا گیا اور اس بات کا شبہ کیا جارہا کہ دہشت گرد اسی گاڑی میں آئے تھے۔

فائرنگ کے اطلاعات کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کا محاصرہ کرلیا جبکہ ٹریفک کی آمد و رفت بھی روک دی گئی ہے۔

دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چینی قونصل خانے کے قریب فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیا ہے اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس سے فوری طور پر رپورٹ کرلی۔

گورنر سندھ کی جانب سے آئی جی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شہر قائد میں موجود تمام سفارتخانوں اور قونصل خانوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

نوٹ: یہ ابتدائی خبر ہے اس بارے میں معلومات موصول ہونے کے ساتھ اضافہ کیا جارہا ہے۔