خبرنامہ سندھ

سندھ کے عوام کا احساس محرومی کم کیا جا سکے

کراچی (ملت + آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ سندھ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) عوام کی توجہ کا مرکز ہے۔ سندھ کے عوام کا وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے مطالبہ ہے کہ 2018 کے انتخابات تک کے لئے خادم اعلی پنجاب کو سندھ کی اضافی ذمہ داریاں بھی سونپ دی جائیں تاکہ صوبے مین ترقی ، خوشحالی کا منجمد پہیہ چلنے لگے اور سندھ کے عوام کا احساس محرومی کم کیا جا سکے۔اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی سے کشمور تک سندھ مکمل عدم توجہ کی وجہ سے کھنڈرات اور ریگستانوں کا منظر پیش کر رہا ہے کہیں نہ کوئی حکومت ہے نہ حکمرانی لیکن بڑی بڑی سرکاری گاڑیوں میں حکمران ہی حکمران دوڑتے بھاگتے نظر آتے ہیں جن کا عوامی مسائل سے کوئی تعلق ہے نہ انہیں اس بات کا ادراک ہے کہ سندھ کے عوام بے چینی سے میاں محمد نواز شریف کی ذاتی مداخلت کے لئے منتظر ہیں. پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ دو دہائیوں سے بالواسطہ یا بلا واسطہ سندھ پر حکمرانی کرنے والوں نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کو افریقہ کے تباہ حال ماضی کی یادگار بنا ڈالا ہے. سندھ کے عوام کی تقدیر بدلنے کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) میدان عمل میں آ چکی ہے ہم پاکستان کے کسی صوبے کے عوام کو نا اہل اور غیر سنجیدہ حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے اور پاکستان کی ایک ایک انچ زمین کو گل و گلزار بنانے کے لئے اپنے قائد و رہبر میاں محمد نواز شریف کی رہنمائی میں سردھڑ کی بازی لگادیں گے. علی اکبر گجر نے کہا کہ کراچی اور اندرون سندھ کے عوام کا مطالبہ ہے کہ خادم اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کو صوبہ سندھ کی اضافی ذمہ داریاں دی جائیں تاکہ اس صوبے کے عوام بھی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں حصے دار بن سکیں. پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے بھرپور جدوجہد کر رہی ہے اور انشا اللہ سندھ کے عوام کے تعاون سے صوبے کو پاکستان کا ماڈل صوبہ بنا کر سندھ کے موجودہ حکمرانوں کو بتائیں گے کہ حکمرانی کیسے کی جاتی ہے.