کراچی: ذرائع کے مطابق کراچی میں موجود قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اورسابق ٹیسٹ کپتان انضمام الحق نے اتوار کو کمیٹی کے دیگر ارکان سے مشاورت مکمل کرلی ہے، وہ آج لاہور میں ٹیسٹ کپتان مصبا ح الحق سے رائے حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے منتخب کھلاڑیوں کا ناموں کا اعلان کریں گے۔
قبل ازیں انھوں نے کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ کراچی میں جاری قائد اعظم ٹرافی کے سپرایٹ مرحلہ میں کھیلے جانے والے میچز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا، بعدازاں نیشنل اسٹیڈیم میں انضمام الحق کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کمیٹی کے ارکان، توصیف احمد، وجاہت اللہ واسطی، اور وسیم حیدر بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیم کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کے حوالے سے غور وخوص کیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے ٹیسٹ وکٹ کیپر کامران اکمل کے ساتھ بی پی ایل سے واپس طلب کیے جانے والے لیفٹ آرم اسپنر محمد اصغر کی شمولیت کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم حتمی فیصلہ ٹیسٹ کپتان کی مشاورت کے بعد ہی کیا جائیگا۔