خبرنامہ

پاکستان کو جیتنے کے لیے369 رنز کا ہدف

نیوزی لینڈ کے بیٹسمینوں نے دوسری اننگز میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرکے پاکستان کو ہیملٹن ٹیسٹ جیتنے کے لیے369 رنز کا مشکل ہدف دے دیا ہے۔
چوتھے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر ایک رن بنایا تھا۔
دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن نیوزی لینڈ نے 5 وکٹوں پر 313 رنز بناکر اپنی اننگز ڈکلیئر کر دی۔
نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات راس ٹیلر کے ناقابل شکست 102 اور ٹام لیتھم کے 80 رنز تھے۔
نیوزی لینڈ نے اننگز شروع کی تو اسے جیت راول کا نقصان اٹھانا پڑا جو صرف دو رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، لیکن اس کے بعد کپتان ولیم سن اور ٹام لیتھم کی شراکت نے نیوزی لینڈ کے لیے ایک بڑے سکور تک پہنچنے کا راستہ بنا دیا۔
سمیع اسلم نے محمد عامر کی گیند پر مڈوکٹ پر ٹام لیتھم کا کیچ ڈراپ کر دیا اس وقت انھوں نے 40 رنز بنائے تھے۔
ٹام لیتھم نے محمد عامر کے ایک ہی اوور میں تین چوکے لگاکر نصف سنچری مکمل کی۔ لیتھم 80 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
انھوں نے کپتان ولیم سن کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 96 رنز کا اضافہ کیا۔
ولیم سن 42 رنز بنا کر عمران خان کی ایک عمدہ گیند پر وکٹ کیپر سرفراز کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
وہاب ریاض راس ٹیلر کو 16 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے لیکن وہ نوبال ہوگئی اور امپائر روی کا فیصلہ تبدیل ہو گیا۔
راس ٹیلر گذشتہ سال سے 11 اننگز کھیل کر ایک بھی نصف سنچری نہیں بنا سکے تھے اور اس ٹیسٹ میں بھی ان کی شمولیت ان کی آنکھ کی تکلیف کے سبب مشکل دکھائی دے رہی تھی لیکن وہ 16 چوکوں کی مدد سے اپنے کریئر کی 16ویں سنچری بنانے میں کامیاب ہوگئے۔
عمران خان نے ہنری نکلس کو بھی 26 کے انفرادی سکور پر وکٹ کیپر سرفراز کے ہاتھوں کیچ کرایا جن کا یہ اس میچ میں ساتواں کیچ تھا۔
عمران خان نے اننگز میں اپنی تیسری وکٹ گرینڈ ہوم کو آؤٹ کرکے حاصل کی جنھوں نے 32 رنز کی کارآمد اننگز کھیلی۔