خبرنامہ

انٹر یونیورسٹی فٹ بال‘فائنل (آج )اے کے یو اور آئی او بی ایم کے مابین کھیلا جائیگا

کراچی ۔ 18 اکتوبر (ملت + اے پی پی) اے کے یو اسپورٹس سینٹر پر جاری 14ویں اے کے یو انٹر یونیورسٹی فٹ بال ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنل فیصلہ کن ثابت ہوئے۔ میزبان آغا خان یونیورسٹی نے سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن نے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ سائنسز کو 5-3کے یکساں اسکورسے ٹائی بریکر پر شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ فائنل آج (بدھ) کو آغا خان یونیورسٹی اور انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے مابین ساڑھے 5بجے شام کھیلا جائے گا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر ڈیوڈّ رتھر ، پروفیسر ، ڈین اسکول آف نرسنگ مڈ وائفری، آغا خان یونیورسٹی مہمان خصوصی ہونگے۔پہلے سیمی فائنل میں آغا خان یونیورسٹی اور سرسید یونیورسٹی کے مابین انتہائی دلچسپ مقابلہ ہوا۔مقررہ وقت میں مقابلہ 2-2سے برابر تھا۔سرسید یونیورسٹی کے معید خان نے 5ویں اور شعیب احمد نے 19ویں منٹ میں اپنی ٹیم کیلئے دو گول اسکور کرکے میزبان ٹیم کو مشکلات سے دوچار کردیا۔ تاہم ذولقرنین نے 13ویں اور عمر یعقوب نے 49ویں منٹ میں گول اسکورکرکے اپنی ٹیم کو یقینی شکست سے بچا کر میچ کو ٹائی بریکر پر پہنچادیا۔جہاں آغاخان یونیورسٹی نے عمر یعقوب ، جبران فواد، سلمان خلیل، عمیر بن سیف اور سلمان فیصل کے ذریعے تمام مواقعوں سے بھرپور فائد ہ اٹھایا جبکہ معید خان ، شعیب احمد اور مانے خان نے ناکام سائیڈ کی جانب سے درست نشانہ بازی کی۔دوسرے سیمی فائنل کا فیصلہ بھی ٹائی بریکر پر برامد ہوا جب مقررہ وقت میں آئی او بی ایم اور ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ سائنسز کی ٹیمیں گیند کو جال میں نہ ڈال سکیں۔ ٹائی بریکر پر آئی او بی ایم کی جانب سے حسنین، انس، ضیاء ،حمزہ یونس اور عمران نے درست نشانے لگائے جبکہ شاہ رخ، صائم جمال اور قاسم ہی گیند کو جال تک پہنچا سکے۔ ریفریز محمد سلیم، عنصر جاوید ، مفیض الرحمن اور محمد رفیق جبکہ میچ کمشنر منور خان اور قمر علی قریشی تھے۔