خبرنامہ

انگلینڈ کےخلاف ون ڈے اورٹی ٹونٹی سیریزکے بعد قومی کھلاڑیوں کی وطن واپسی

لاہور :(اے پی پی ) انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی، کھلاڑی مختلف فلائٹس کے ذریعے لاہور ،کراچی اور اسلام آباد پہنچے۔ قومی ٹیم کے 3 کھلاڑی سرفراز احمد، شرجیل احمد اور خالد لطیف کراچی پہنچے۔ شعیب ملک، محمد عامر، بابر اعظم، وہاب ریاض اور حسن علی انگلینڈ سے براستہ دبئی نجی ایئر لائن کی پرواز ای کے 624 کے ذریعے لاہور پہنچے۔ کھلاڑیوں کے ہمراہ ٹیم مینجمنٹ کے چند ارکان بھی لاہور پہنچے۔ چار قومی کرکٹرز سہیل تنویر، عماد وسیم، محمد نواز اور محمد رضوان قومی ایئر لائن پرواز پی کے 792 کے ذریعے اسلام آباد پہنچے۔ قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور 4 روز انگلینڈ میں قیام کریں گے جبکہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر آسٹریلیا جا رہے ہیں، مکی آرتھر ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے قبل ٹیم کو دبئی میں جوائن کریں گے۔ قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے دورے میں ون ڈے ٹیم اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکی جس کا افسوس ہے۔ انہوں نے کہاکہ ون ڈے ٹیم کا کپتان بننے کے حوالے سے ابھی سوچا نہیں، اگلے دورہ کے حوالے سے پریکٹس پر توجہ دوں گا۔ خالد لطیف کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی میچ جیتنے پر خوشی ہے اس سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا ہے ۔ سہیل تنویر نے کہاکہ 2015 میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کے باوجود ٹیم سے باہر کرنا سخت فیصلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم میں واپسی کے لئے ایک میچ کافی نہیں۔ ہر کھلاڑی عروج وزوال کا شکار ہوتا ہے لیکن میں دو اوور پاور پلے اور دو اوور مشکل وقت میں کھیلتا تھا جس کے باوجود میرا اسٹرائیک ریٹ 7.15 ہے جس کا مطلب ہے کہ ہر میچ میں ایک وکٹ حاصل کرتا ہوں۔ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں کارکردگی کے حوالے سے انہوں نے کہا ٹی ٹونٹی کے معاملے میں سنجیدگی سے تیاری کرتا ہوں۔ سرفرازاحمد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ کرکٹ ٹیموں کی کپتانی کرنے کی ایک تاریخ رکھتے ہیں۔ انھوں نے پاکستان انڈر19 ٹیم، کراچی اور پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کی ہے، میں نہیں سمجھتا کہ انھیں کپتانی سنبھالنے میں کوئی مسئلہ ہوگا۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنا بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ کی جیت سے پوری ٹیم بہت خوش ہے تاہم ون ڈے سیریز ہارنے کا بھی دکھ ہے۔